کراچی (ویب ڈیسک) موچکو سے ملنے والی ماڈل گرل رباب کی لاش کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ رباب میٹرنٹی ہوم میں ہلاک ہوئی جسے عملے نے خاموشی سے سڑک پر پھینک دیا تھا، پولیس نے نرس کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق موچکو کے علاقے سپارکو روڈ ایدھی قرستان گیٹ نمبر 6 کے قریب سے گزشتہ ماہ 22 فروری کو خاتون کی لاش ملی جو کہ پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی جبکہ خاتون کے ہاتھوں پر سرخ دھبے بھی پائے گئے تھے۔
بعدازاں خاتون کی شناخت رباب عرف ہانی زیدی کے نام سے ہوئی تھی جو کہ عائشہ منزل کی رہائشی اور ماڈل گرل تھی، اس حوالے سے سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کیماڑی ڈویژن پولیس کی جانب سے تحقیقات کی گئی تو انکشاف ہوا کہ رباب کو گلزار ہجری میں واقع ایک میٹرنٹی ہوم میں آپریشن کے دوران نرس اور اس کے اسسٹنٹ نے غلط انجکشن لگایا جس کے باعث اس کی موت واقعے ہوگئی بعدازاں رباب کی لاش موچکو کے علاقے میں پھینک دی گئی۔
پولیس نے اس مقدمے میں نرس کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ نرس کا کہنا ہے کہ انھوں نے رباب کا آپریشن اس کے دوست عمر کے کہنے پر کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ماڈل گرل رباب کا دوست عمر اسلام آباد میں ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس جائے گی جبکہ مقتولہ کے موبائل فون کی آخری لوکیشن اسی میٹرنٹی ہوم کی آئی تھی جہاں وہ دوران آپریشن غلط انجکشن لگنے کے باعث جاں بحق ہوگئی تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔