کوئٹہ (ڈیلی اردو) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کر دی۔ ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے احتیاطی تدایر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگیا جس سے ایرانی سرحدی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بادلوں کے نئے سسٹم کے تحت اتوار اور سوموارکو کوئٹہ، ژوب، سبی ، قلات اور رخشان ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آنے کا امکان ہے اس لئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ قلعہ سیف اللہ کے علاقوں کان مہترزئی، مسلم باغ، کنچوغی سمیت دیگر ملحقہ دیہاتوں، زیارت کے بیشتر علاقے پشین کے علاقے برشور، توبہ کاکڑی اور قلعہ عبداللہ کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ ہفتے ہونیوالی برفباری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ بیشتر علاقوں میں کئی فٹ برف اب تک پڑی ہوئی ہے۔ کئی دیہاتوں کے رابطے اب تک بحال نہیں ہوئے۔
مزید برفباری سے ان علاقوں کے مکینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔اسی طرح کوئٹہ، قلعہ عبداللہ،نوشکی، چاغی ، پشین اور دیگر علاقوں میں بارشوں سے سینکڑوں کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں اور ہزاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
نئی بارشوں سے پہلے سے خستہ حال کچے مکانات گرنے کے خدشات کے باعث لوگ پریشان ہیں۔ دوسری جانب نئے بارش کے سسٹم کے داخل ہونے کے حوالے سے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے مکران، قلات، کوئٹہ، سبی، رخشان اور ژوب ڈویژن میں الرٹ جاری کردیا ہے ۔
شہریوں کو سیلابی گزر گاہوں اور نشیبی علاقوں کے قریب رہائش ، بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کا کہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری سے سردی کا دورانیہ بھی بڑھ جائے گا ۔ کوئٹہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت دو سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔قلات میں صفر ،بارکھان 8 جبکہ تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔