تہران (ڈیلی اردو/شِنہوا) اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے ماجد تخت روانچی نے کہا ہے کہ امریکہ نے پابندیاں لگا کر ایرانی شہریوں کے خلاف “جنگ” چھیڑ رکھی ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کی جمعہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے احتساب اور انصاف کو مضبوط بنانے سے متعلق سلامتی کونسل کی کھلی بحث میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض ممالک کی جانب سے جبر کے یکطرفہ اقدامات کو جنگ کے طریقہ کار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے تاکہ معصوم شہریوں کو بھوکا مارا جا سکے۔
ایرانی نمائندے نے کہا کہ ایران پر کئی دہائیوں کی امریکی اقتصادی اور مالی پابندیوں نے سب سے زیادہ کمزور افراد بشمول بچوں، بوڑھوں اور مریضوں کی زندگیوں کو براہ راست خطرے میں ڈال دیاہے۔ تخت روانچی نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں خاص طور پر ایران پر عائد غیر قانونی پابندیوں کو ختم کرائے۔