کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے بم دھماکا کیس میں پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے 12 مئی کو کراچی میں صدر کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکا کیس میں گرفتار ملزم صابر کھرل کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت پیش کیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ ملزم 12 مئی کو صدر داؤد پوتا روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہے۔ ملزم سے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔
کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزم کے تین شریک ملزمان جو بم دھماکے میں ملوث ہیں ان کو گرفتار کرنا ہے جس کے بعد عدالت نے ملزم صابر کھرل کو 10 جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق مفرور ملزمان میں اصغرشاہ، غلام مہدی اور نور محمد شامل ہیں۔ مفرور ملزمان کا تعلق سندھو دیش لبریشن آرمی سے ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ صدر بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب سٹی کورٹ میں وکلا اور عدالتی عملے کے درمیان تنازع پرسندھ ہائی کورٹ نے سیشن جج شرقی کو عہدے سے ہٹا دیا۔ خالد شاہانی کو سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔