کراچی (ڈیلی اردو) شام میں پھنسے 165 پاکستانیوں کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی خصوصی فلائٹ کے ذریعے پیر کی رات اپنے گھر واپس لایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایئربس اے 320 کی خصوصی پرواز شام کو تقریباً 6 بجکر 15 منٹ پر شام کے شہر حلب میں اتری اور بعد ازاں 7 بجکر 15 منٹ پر 165 مسافروں کو لے کر کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی کے 8136 کی پرواز رات 11:05 پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچی جہاں سینئر عہدیداروں نے مسافروں کا استقبال کیا۔
ہر سال ہزاروں پاکستانی شام میں حضرت محمد ﷺ کی نواسی حضرت بی بی زینب علیہ السلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے دیگر ساتھیوں اور اہلخانہ کی قبروں کی زیارت کرنے جاتے ہیں۔
جمعہ کی روز اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے شام کے دارالحکومت دمشق کے ہوائی اڈے کا راستہ تباہ ہوگیا تھا جس کے بعد پاکستانی زائرین وہاں پہنس گئے تھے، اسرائیلی فضائی حملے کے بعد پی آئی اے نے شام کے دارالحکومت کی طرف اپنی پرواز منسوخ کردی تھی۔
ہفتہ کو قومی ایئرلائن کے ترجمان نے کہا تھا کہ دمشق ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے دونوں رن وے ناقابل استعمال ہیں اس لیے شام کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
تاہم شام میں پاکستان کے سفیر ریٹائرڈ ایئر مارشل سعید محمد خان کی درخواست پر پی آئی اے نے زائرین کو واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے تھے۔
پاکستانی سفارتکار نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کے ساتھ ساتھ حکومت کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے شام کے شہر حلب سے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی۔
پاکستانی سفیر نے خط میں لکھا تھا کہ شام کے دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر پروازوں میں خلل کے باعث دمشق جانے والی پروازوں کا شیڈول حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے حکومت کو یہ بھی اطلاع دی کہ شام حلب کا ہوائی اڈہ پروازوں کے لیے کارآمد ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی جانب پاکستانی زائرین کو وطن واپس لانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں، جس پر عمل کرتے ہوئے پی آئی اے نے پیر کو شام کے لیے پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے تھے۔