یوکرین جنگ: روس نے 29 برطانوی صحاٖفیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی

ماسکو (ڈیلی اردو) روس نے غلط خبریں پھیلانے کے الزام میں 29 برطانوی صحاٖفیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے غلط خبریں پھیلانے کے الزام میں 29 برطانوی صحاٖفیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے جس میں 4 صحافیوں کا تعلق خبر رساں ادارے بی بی سی، 5 کا تعلق گارڈین اور ایک کا تعلق فائنینشل ٹائمز سے ہے۔

علاوہ ازیں جن صحافیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سنڈے ٹائمنز، دی انڈیپنڈینٹ، ڈیلی میل، اسکائی نیوز اور ڈیلی ٹیلی گراف سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔

روس نے دیگر 20 افراد پر بھی پابندی عائد کی ہے جن کا تعلق دفاعی معاملات سے ہے جبکہ ان میں فوجی اور فضائی معاملات کے علاوہ برطانوی وزیر برائے دفاع جیریمی کوئن اور برطانیہ کے ایئر چیف مائیک وگسٹن شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ برطانوی صحافی جان بوجھ کر روس اور یوکرین میں دونباس سے متعلق غلط اور یکطرفہ اطلاعات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام مغربی پابندیوں، روس سے متعلق غلط خبریں پھیلانے اور برطانوی حکومت کے روس کے خلاف اقدامات کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔

دفاعی معاملات کے ماہرین پر پابندی کے حوالے سے روس کا کہنا ہے کہ یہ افراد یوکرین کو ہتھیار بھجوانے کے فیصلوں میں شامل ہوتے ہیں جن کو مقامی ڈیتھ اسکواڈ اور نازی گروپس مقامی افراد کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر حملے کے بعد مقامی اور غیر ملکی آزاد صحافی اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا جبکہ سوشل میڈٰیا پلیٹ فارمز تک بھی رسائی پر پابندی عائد کی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں