اسلام آباد (ڈیلی اردو) احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیر قانون بابر اعوان سمیت 7 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کردی لیکن سب نے صحت جرم سے انکار کیا۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ عدالت نے ملزمان کا ٹرائل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے خلاف گواہوں کو طلب کرلیا۔
دیگر ملزمان میں سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود، سابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود، سابق سیکرٹری شاہد رفیع، سابق سیکرٹری قانون ریاض کیانی اور مسعود چشتی شامل ہیں۔
مقدمے کے مطابق ان تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نندی پور معاہدے کے لئے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے مانگی تو وزارت قانون نے صرف رائے دینے میں 2 سال لگا دیے اور فائل روک کر رکھی۔ اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی جس میں راجہ پرویز اشرف وزیراعظم اور بابر اعوان وزیر قانون تھے۔