پاراچنار (محمد صادق) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں مختلف تنظیموں اور علماء نے قبائلی عمائدین کے ہمراہ گستاخ اہلبیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، شہر بھر میں مارکیٹ اور کاروباری ادارے بھی احتجاج کے طور پر بند رہے۔
شہید چوک پاراچنار میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خطیب جامع مسجد علامہ فدا حسین مظاہری، سیکٹری انجمن حسینیہ عنایت طوری، تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین، حاجی عابد حسین، علامہ سید صداقت میاں، علامہ سید صفدر حسین نقوی، علامہ اخلاق حسین شریعتی، علامہ باقر حیدری اور دیگر مقررین نے کہا کہ شان اہلبیت علیہ السّلام میں گستاخی ناقابل معافی جرم ہے اگر مجرم کو فوری طور پھانسی نہ دی گئی تو عوام گستاخ کو سزا ملنے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے حکومت سے فوری طور گستاخ اہلبیت سلطان گل کو گرفتار کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ اگر مجرم کو سزا نہ دی گئی تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔