لاہور (ڈیلی اردو) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کافی بیمارلگ رہے تھے اور جس علاج کا مطالبہ میاں صاحب کررہے ہیں وہ ان کوفراہم کیا جائے۔
کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج میرے لیے تاریخی دن ہے کیوں کہ اسی جیل میں شہید ذوالفقارعلی بھٹوبھی قید رہے اور میں کچھ عرصے سے ملک سے باہر تھا تو میاں صاحب کی طبیعت کی خرابی کا پتا چلا اس لیے آج نوازشریف کی عیادت کے لیے کوٹ لکھپت جیل گیا جب کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن بیمار کی عیادت کرنے کا حکم ہمارا دین بھی دیتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف کافی بیمارلگ رہے تھے اور جس علاج کا مطالبہ میاں صاحب کررہے ہیں وہ ان کو فراہم کیا جائے، دل کے مریض کودباؤ میں رکھنا تشدد کے مترادف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر بےنظیر بھٹو اور نوازشریف نے 2006 میں دستخط کیا تھا لیکن میثاق جمہوریت پرمکمل عمل درآمد نہیں کیا یہ ہماری ناکامی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں میں میاں صاحب کی بیٹی کی طرف سے انکی صحت پر تشویش ظاہر کی گئی تھی، بیمار قیدی کے علاج معالجہ کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے جب کہ میاں صاحب نے کہا کہ وہ نظریاتی ہیں اورنظریاتی سیاست کریں گے، میاں صاحب اپنے اصولوں پرقائم ہیں اور لگتا نہیں کہ وہ کوئی ڈیل کریں گے جب کہ نہیں چاہوں گا کہ خان صاحب کوبھی یہ وقت دیکھنا پڑے کہ ان کے بچوں کو ادھرادھر بھاگنا پڑے۔