ماسکو (ڈیلی اردو) روس کے مغربی علاقے میں روسی فوج کا مال بردار طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روسی فوج کا کارگو طیارہ روس کے شہر ریازان میں گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ طیارے میں کل 9 لوگ موجود تھے۔
ریسکیو ادارے کی جانب سے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے طیارے میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ طیارے کے ملبے سے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 5 لوگوں کو زخمی حالت میں بچالیا گیا۔ تاہم زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ریسکیو ادارے نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
روسی وزارت دفاع کیجانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔تاہم تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کیونکہ طیارے نے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی۔