نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں عدالت میں سماعت کے دوران بطور شہادت پیش کیا گیا بارودی مواد بھٹ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمرہ عدالت میں بم پھٹنے سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ پٹنہ پولیس نے 27 جون کو بارودی مواد برآمد کیا تھا۔
زخمی پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ بم کو بطور ثبوت عدالت میں لائے تھے، عدالت میں سماعت سے پہلے سب انسپکٹر دھماکا خیز مواد ٹیبل پر رکھ کر کچھ کاغذی کارروائی کر رہے تھے کہ اس دوران اچانک ٹیبل پر رکھا بم پھٹ گیا۔
دھماکے کے بعد عدالت میں افراتفری مچ گئی تاہم خوش قسمتی سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے جس میں پتا لگایا جائے گا کہ آیا اس بم کو مکمل طور پر ناکارہ بنایا گیا تھا یا نہیں۔