نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی ریاست اترپردیش کے بریلی نامی علاقے میں ایک گرودوارہ کے احاطے میں مبینہ طور پر گوشت پھینکے جانے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی سدھارتھ انیرودھ پنکج نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی رات بریلی کے کوہڈا پیر میں پیش آیا۔
سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ کچھ شرارتی لوگوں نے اتوار کی رات شہر کے ماحول کو خراب کرنے کی اس وقت کوشش کی جب مسلمان عید الاضحی منا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال قابو میں ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گوشت ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ مذہبی مقام کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملی ہے جس میں کچھ لوگوں کو احاطے میں گوشت پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے لیکن ان کے چہرے واضح نہیں ہیں۔
اس سلسلے میں گرودوارہ کے سربراہ ہرونت پال سنگھ بیدی کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔