صنعا (ڈیلی اردو) یمن کی ماڈل انتصار الحمادی کو ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے فحاشی اور منشیات کے الزام میں 5 سال قید کی سزا دیتے ہوئے جیل بھیج دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ماڈل کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قید تنہائی میں بھی بھیجا گیا ہے جبکہ انہیں جیل وارڈن نے الیکٹرک شاکس بھی لگائے ہیں۔
حوثی باغیوں نے الحمادی کو گزشتہ سال فروری میں گرفتار کر کے جیل میں بند کیا تھا جبکہ 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ حوثیوں نے ماڈل پر فحاشی کے اڈے اور منشیات کے دھندے سمیت اسلامی اقدار کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا تاہم الحمادی نے ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔
مئی 2021ء میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رپورٹ میں کہا تھا کہ الحمادی سے زبردستی تمام اعتراف جرم کرائے گئے اور کچھ عرصے بعد اسے سزا سنا دی گئی۔
واضح رہے کہ یمنی ماڈل خاتون نے چار سال تک بطور ماڈل اور 2020ء میں یمنی ٹی وی کی ایک ڈرامہ سیریز میں بھی کام کیا تھا۔