لاہور (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کا آغاز ہو چکا ہے. جس کے بعد پولیس ہائی الرٹ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تمام مجالس، عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا ہے کہ محرم الحرام میں عزاداری جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے ہیں۔
سی سی پی او نے بتایا کہ محرم الحرام میں 5235 مجالس منعقد ،650 سے زائد عزاداری جلوس برآمد ہونگے جبکہ یکم تا دس محرم مجموعی طور پر 3868 مجالس منعقد، 460 عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ تعینات افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں۔ عزاداروں کے مکمل انخلا تک ڈیوٹی پوائنٹس نہ چھوڑی۔ علما کرام محرم میں بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور برداشت کے رویوں کو فروغ دیں۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ پولیس افسران عزاداری جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کا بار بار جائزہ لیں، بلند عمارات کی چھتوں پر سنائپرز تعینات،امام بارگاہوں پر وینٹیج پوائنٹس تشکیل دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرکا کو تین درجاتی سکیورٹی حصار سے گزرنے کے بعد ہی جلوسوں،مجالس میں شرکت کی اجازت دی جائے جبکہ مجالس کے انٹری پوائنٹس پر تعینات کمیونٹی رضا کاروں کو چیکنگ کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ مرکزی عزاداری جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس بھی مخصوص اوقات میں معطل رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کے لئے مختلف مقامات پر کنٹرول رومزبھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر دل آزاری کرنے والے شر پسند اور اشتعال انگیز عناصر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔