ریاض (ڈیلی اردو/آئی این پی) سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں مغربی سعودی عرب میں بحیرہ احمر کے ساحل پر شروع ہو گئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقیں “Extreme Fury 22” کا آغاز سعودی عرب کی بحریہ کی پیدل فوج اور امریکی میرینز کے ساتھ ساحلی علاقے ینبع میں شروع ہوگئیں، اس فوجی مشق میں امدادی، شوٹنگ اور لاجسٹک تعاون کی تربیت اور متعدد مشقیں شامل ہیں، جس کا آغاز مغربی ریجن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد الدبیس اور کمانڈر جنرل پال جوزف راک اور امریکی میرین کور اور دونوں اطراف کے متعدد کمانڈرز کی موجودگی میں ہوا۔
فوجی مشق کے کمانڈر اسٹاف کرنل سعود العقیلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے فوجی دستے معلومات کا تبادلہ کریں گے اور مشترکہ آپریشنل اور ریلیف منصوبوں پر عمل درآمد کی مشق کریں گے۔