ماسکو (ڈیلی اردو) روس کی وزارت دفاع نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے زاپوریزہیا میں تعینات سینکڑوں روسی فوجیوں کو زہر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کی وزارت داخلہ کے ایک مشیر نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روس نے اپنے فوجیوں کو مضر صحت کھانا فراہم کیا جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق 31 جولائی کو متعدد فوجیوں کو تشویش ناک حالت میں ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے ذریعے ان کے جسموں سے زہریلا مادہ ’بوٹولینم ٹاکسن ٹائپ بی‘ برآمد ہوا ہے۔
روس نے کہا کہ فوجیوں کو زہر دینے کی منظوری یوکرین کے صدر زیلنسکی کی جانب سے دی گئی۔ روس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے فوجی زہر دیے جانے سے متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کئی مہینوں سے کشیدگی برقرار ہے۔ روس نے فوجی طاقت کے ذریعے یوکرین کے کئی اہم علاقوں پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔