نارووال: ظفروال میں نالہ ڈیک کے قریب بھارت سے بہہ کر آنے والی اینٹی ٹینک مائن پھٹنے سے 4 بچے ہلاک، 2 زخمی

نارووال (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع نارروال کی تحصیل ظفروال کے گائوں سکروڑ کے مقام پر نالہ ڈیک میں سکروڑ کے مقام پر بارودی سرنگ پھٹنے سے 4 بچے ہلاک اور دو بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے،نالہ ڈیک میں بچے نہا رہے تھے ، کسی بچے کا پائوں حالیہ سیلاب میں بھارت سے بہہ کر آنیوالی بارودی سرنگ پر آ گیا جس سے وہ پھٹ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ظفروال کے نواحی گاؤں سکروڑ کے مقام پر نالہ ڈیک میں کچھ بچے مچھلیاں پکڑ رہے تھے اور ساتھ نالہ ڈیک میں نہا رہے تھے کہ اسی دوران کسی بچے کا پائوں حالیہ سیلاب کے دوران مبینہ طور پر بھارت سے نالہ ڈیک میں بہہ کر آ نے والی بارودی سرنگ پر آ گیا جس سے وہ زور دار دھماکہ سے پھٹ گئی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے منگوال، ظفروال اور ناروال سے ایمبولینسز کو فوری جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا جبکہ پولیس اور حساس ادارے بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور بچوں کو نالے سے نکالا۔

ریسکیو 1122 کے جوانوں نے 2 شدید زخمی بچوں کو آر ایچ سی ظفر وال منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال ریفر کر دیا گیا ہے۔

زخمیوں میں اظہر ولد مظہر عمر 15 سال، ایمان فاطمہ بنت مظہر عمر 09 سال شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں فیض ولد نواز عمر 18 سال، کالو ولد طارق عمر 10 سال، نواز ولد بشیر عمر 12 سال اور مصطفی ولد مظہر عمر 15 سال شامل ہیں۔

متاثرین میں ایک ہی گھر سے بہن، بھائی زخمی اور ایک بھائی ہلاک ہوا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے بچوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گئی اور ہر آنکھ اشکبار تھی، واقعے کے بعد علاقہ بھر میں فضا سوگوار ہو گئی۔

https://twitter.com/DcNarowal/status/1561374505120964610?t=BOH4wCqAYn2d8fT0peslEg&s=19

مقامی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ حساس اداروں اور سول ڈیفنس کی ٹیم نے نالہ ڈیک نزد موضع سکروڑ کا معائنہ کیا جہاں پر اینٹی ٹینک مائن کا دھماکہ ہوا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/DcNarowal/status/1561521663656820736?t=Xl4oC3RYl4MWzXfwZXO6lA&s=19

وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی نے ظفروال میں اینٹی ٹینک مائن پھٹنے کے واقعہ میں بچوں سمیت 4 افراد کے ہلاک ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی چودہدی پرویز الٰہی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں