اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی میں مالی معاملات کے معاملات کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں 8 تھانے قائم کر دیے گئے ہیں۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانے اینٹی منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی انسداد کیلئے بنائے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ہر تھانے کی حدود واضح کی گئی ہے۔ پہلا تھانہ کراچی میں قائم کیا گیا ہے جس کی حدود کراچی حیدرآباد اور بھنبھور ڈویژن ہوگی۔
دوسرا تھانہ لاہور میں ہے جس کی حدود لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن ہوگی۔ تیسرا تھانہ فیصل آباد میں ہے جس کا دائرہ کار فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن ہے۔
چوتھا تھانہ ملتان میں قائم کیا گیا ہے۔ تھانہ ملتان کے دائرہ کار میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن شامل ہیں۔
پانچواں تھانہ سکھر میں بنایا گیا ہے جس کی حدود سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص اور شہید بے نظیر آباد ڈویژن ہے۔
اسلام آباد میں قائم کیے گئے چھٹے تھانے کی حدود اسلام آباد، راولپنڈی اور گلگت بلتستان ہے۔
ساتواں تھانہ کوئٹہ میں بنایا گیا ہے جس کا دائرہ کار پورا بلوچستان صوبہ ہے جبکہ آٹھواں تھانہ پشاور میں ہے جس کی حدود خیبر پختونخوا کا پورا صوبہ ہے۔