ریاض + واشنگٹن (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے پی) نورہ بنت سعید کو 4 جولائی 2021ء کو تحویل میں لے لیا گیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ملزمہ نے آن لائن کیسا مواد پوسٹ کیا تھا اور ان کےخلاف مقدمے کی سماعت کہاں ہوئی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے کی مزمت کی ہے۔
سعودی عرب کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا پر ملک کو نقصان پہنچانے والی مبینہ سر گرمیوں میں ملوث ہونے پر ایک خاتون شہری کو 45 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
رواں ماہ یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ تھا، جس نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف توجہ دلائی ہے۔ سعودی عرب کے سب سے بڑے قبیلے سے تعلق رکھنے والی نورہ بنت سعید القہتانی کے بارے میں بہت ہی کم معلومات موجود ہیں اور بظاہر ان کے ایکٹویزم کا کوئی ماضی بھی نہیں ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے ملزمہ کے خلاف پیش کی گئی فرد جرم دیکھنے کے بعد کہا گیا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا کے استعمال پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم سعودی حکام اس بارے میں خاموش ہیں۔
یہ سزا اس بین الاقوامی تشویش کے بعد سنائی گئی ہے، جس کا اظہار اسی نوعیت کے ایک اور مقدمے میں سعودی حکام کی طرف سے برطانیہ کی لیڈز یونیورسٹی میں زیر تعلیم ڈاکٹریٹ کی سعودی طالبہ سلمیٰ الشہاب کو34 سال جیل کی سزا دیے جانے پر کیا گیا تھا۔
القہتانی کو اس ماہ کے آغاز پر ایک خصوصی فوجداری عدالت نے سعودی عرب کے انسداد دہشت گردی اور سائبر کرائم کے وسیع قوانین کے تحت 45 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ سزا القہتانی کی طرف سے انہیں دی گئی پہلی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران سنائی گئی ہے۔ ججوں نے اس خاتون پر سوشل میڈیا کے زریعے ”معاشرتی ہم آہنگی میں رخنہ ڈالنے‘‘ اور ”سماجی تانے بانوں کو غیر مستحکم‘‘ کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔ ان ججوں نے القہتانی کو ”انفارمیشن نیٹ ورک کے ذریعےامن عامہ کو نقصان پہنچانے‘‘ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
سعودی عرب کی ایک ناقد اور واشنگٹن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ”ڈیموکریسی فار عرب ورلڈ ناؤ‘‘ (ڈان) کے مطابق القہتانی کو 4 جولائی 2021 کو تحویل میں لے لیا گیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ القہتانی نے آن لائن کیا پوسٹ کیا اور ان کےخلاف مقدمے کی سماعت کہاں ہوئی۔ ڈان کے ریجنل ڈائریکٹر عبداللہ الاؤد کے مطابق، ”یہ ان ججوں کی طرف سے سنائی جانے والی سزاؤں کی نئی لہر کا آغاز ہے، جنہیں ان خصوصی عدالتوں میں تعینات کیا گیا ہے۔‘‘
واشنگٹن میں ہی قائم انسانی حقوق کی ایک اور تنظیم ”فریڈم انشیٹوو‘‘ نے بھی القہتانی کو سنائی گئی ” اشتعال انگیز طورپر طویل‘‘ سزا کی مزمت کی ہے۔ اس تنظیم کے ریسرچ ڈائریکٹر ایلیسن میک مینوس کے مطابق ” اس حقیقت کو نظر انداز کرنا بہت مشکل ہےکہ ہم ان سزاؤں کو ایسے وقت دیکھ رہے ہیں جب (ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان) کی بین الاقوامی سطح پر پزیرائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘
Yet another Saudi Arabian woman has been sentenced to prison for using social media. Per @DAWNmenaorg, Nourah bint Saeed al-Qahtani was sentenced to 45 years for “violating the public order” online.
Just this month, Salma al-Shehab was sentenced to 34 years for using Twitter. pic.twitter.com/2Cf2QLq8Jv
— Human Rights Watch (@hrw) August 31, 2022
سوشل میڈیا صارفین کو دی جانے والی سزاؤں نے ایک مرتبہ پھر محمد بن سلمان کی طرف سے اختلاف رائےکے خلاف کریک ڈاؤن پر توجہ مبذول کرائی ہے۔ قدامت پسند سعودی معاشرے میں خواتین کو نئی آزادیاں بشمول ڈرائیونگ کا حق دینے کے باوجود سزاؤں کا یہ سلسلہ بھی جاری ہے۔