بماکو (ڈیلی اردو) مالی میں ٹمبکٹو کے علاقے میں بیر کے مقام پر اقوام متحدہ کے امن فوجی اڈے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں کافی نقصان ہوا، تاہم امن مشن کے اہلکار محفوظ رہے اور حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چینی خبر رساں ادارے نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ایسوسی ایٹ ترجمان ایری کانیکو کے حوالے سے بتایا کہ مالی میں اقوام متحدہ کے کثیر جہتی مربوط استحکام مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) کے سربراہ الغاسم ونے نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے امن دستوں کے مشن کے اہلکارروں کو ممکنہ خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ الغاسم و نے کہا کہ افریقہ میں امن مشن کثیر جہتی مربوط استحکام مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) سب سے زیادہ شہرت رکھتا ہے جس کی وجہ سے دہشت گردوں کی طرف سے ممکنہ خطرات درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2021 میں مالی میں امن مشن کے 19 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
سیکرٹری جنرل نے جون میں جاری سالانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ 2013 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے (ایم آئی این یو ایس ایم اے) قائم کیا تھا جو امن کے سب سے بڑے مشنوں میں سے ایک ہے، جس میں 17 ہزار سے زیادہ فوجی اہلکار، پولیس، عام شہری اور رضاکار حکومت کو مستحکم کرنے میں مدد کرنے کے مجاز ہیں۔