کراچی (ڈیلی اردو) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، حکومت عوام کی مدد کے بجائے ان کا معاشی قتل کررہی ہے، عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 3 وفاقی وزرا کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں اور ان وزرا کی مخصوص کالعدم تنظیموں کے لیے ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جب کہ ایک وزیر کالعدم تنظیم سے کہتا ہے جب تک ہماری حکومت ہے آپ کےخلاف کارروائی نہیں کریں گے، ان وزرا کی کابینہ میں شمولیت پر ہم کہیں گے ہمیں حکومت کی نیت پر شک ہے، اس قسم کے لوگوں کو نئے پاکستان کی کابینہ میں نہیں ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے،حکومت ہوش کے ناخن لے اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کرے۔ حکومت کی طرف سے بچگانہ بیانات آرہے ہیں، وفاقی وزرا کے بیانات افسوسناک اور شرمناک ہیں، حکومت کو پہلے انسان پھر حکمران بننا چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سوال اٹھانے والوں پر تنقید کرنا مودی پالیسی ہے اور یہ پالیسی پی ٹی آئی حکومت چلا رہی ہے، تنقید کرنے والوں کو ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے ہم نے پہلے بھی غیر جمہوری سازشوں کو ناکام بنایا ، آج بھی بنائیں گے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم جعلی اور جھوٹی جے آئی ٹی کو نہیں مانتے، عدالت نےمیں نام نکالنے کا کہا لیکن معلوم نہیں اب تک نام کیوں نہیں نکالا گیا جب کہ کالا باغ ڈیم کے کیس کو راولپنڈی منتقل کرناغیرجمہوری اور غلط ہے۔