لندن (ڈیلی اردو) برطانیہ میں مذہب کی بنیاد پر ہونے والے نفرت آمیز حملوں پر رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں سب سے زیادہ مسلمانوں کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی ہوم آفس کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ستمبر تک مذہب کی بنیاد پر حملوں کی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 841 بنتی ہے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد سے زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں پولیس کی جانب سے جرائم کی ریکارڈنگ میں بہتری آنے کی وجہ سے نفرت انگیز جرائم میں اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی نفرت سے متعلق 8 ہزار 307 رجسٹرڈ جرائم ہوئے جن میں 42 فیصد مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ 23 فیصد یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2020 میں ’بلیک لائیوز میٹر‘ کے مظاہروں کے دوران اور انتہائی دائیں بازو کے جوابی مظاہروں کے بعد مذہب کی بنیاد پر نفرت انگیز جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔