اقوام متحدہ (ڈیلی اردو/اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مالی میں امن فورس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ حملے میں امن فورس کے 3 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل کے اراکین نے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کونسل کے اراکین نے مالی کی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مالی کے علاقہ تیسالت کے قریب اقوام متحدہ کے پیس مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) کی مدد سے حملے کی ہموار تحقیقات کرے اور اس میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر احتساب کے عمل کو فروغ دے۔
انہوں نے زور دیاکہ امن اہلکاروں کے خلاف حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم ہیں اور دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ گھنانے حملے مالی میں امن اور مصالحتی عمل کی حمایت جاری رکھنے کے اقوام متحدہ کے عزم کو کمزور نہیں کریں گے۔