پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی

لاہور (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، اقلیتی برادری کے طلباء کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک اسکالر شپ دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ آفس میں دیوالی کی مناسبت سے تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

پرویز الٰہی نے پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی جبکہ ہندو برادری کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اجرک کا تحفہ دیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دیوالی پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں، اقلیتوں سے بہتر سلوک اور احترام دین اسلام کا خاصا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان میں ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ اقلیتی برادری کے طلباء کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک اسکالر شپ دیئے جا رہے ہیں، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اقلیتی برادری کیلئے 2 فیصد کوٹہ مقرر ہے جبکہ ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں