واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے) امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ,ہم ایران کو آزاد کرائیں گے۔ اس سے پہلے مجمع میں موجود ایرانی حاظرین نے ان سے مطالبہ کیا کہ ان کے ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں سے متعلق ضروری اقدامات کریں جو سیکورٹی فورسز کی حراست میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کے خلاف پورے ملک میں ہو رہے ہیں۔
بائیڈن نے جواب میں کہا، “پریشان نہ ہوں، ہم ایران کو آزاد کرانے والے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا، کہ ایرانی بہت جلد خود کو آزاد کرلیں گے۔، وہ ڈیموکریٹک نمائندے مائیک لیون کے لیے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔
Biden vows to 'free Iran' in West Coast campaign speech https://t.co/8adODkigrM pic.twitter.com/hvfbqGfn01
— Reuters (@Reuters) November 4, 2022
ہجوم میں موجود حامیوں نے موبائل فون اٹھا رکھے تھے جن میں پیغام تھا۔ فری ایران FREE IRAN
بائیڈن انتظامیہ کو ایرانی امریکی کارکنوں کی بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو وائٹ ہاؤس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ان کے ملک میں مظاہروں کو دیکھتے ہوئے، ایران جوہری معاہدے کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششیں ترک کر دیں۔
بائیڈن انتظامیہ نے ستمبر میں ایران کی اخلاقی پولیس کی حراست میں، نوجوان کرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف، احتجاج کرنے والے مظاہرین کے ساتھ وحشیانہ سلوک پر ایرانی حکام کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
انتظامیہ نے حال ہی میں یوکرین کے خلاف جنگ کے لیے روس کو ڈرون اور تکنیکی مدد فراہم کرنے پر ایران کو پابندیوں کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ اس نے خطے میں امریکی افواج پر حملوں کے جواب میں شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے خلاف اگست میں امریکی فوجی حملوں کا حکم دیا تھا۔ اسی اثناء میں امریکہ نے جمعرات کے روز تیل کی اسمگلنگ کے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں جس کے بارے میں اس نے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ اور ایران کی قدس فور س کی مدد کرتا ہے۔ ان پابندیوں میں درجنوں لوگوں، کمپنیوں اور ٹینکرز کو ہدف بنایا گیا ہے کیوں کہ واشنگٹن تہران پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ وہ اس نیٹ ورک کے ارکان کو (پابندیوں کے لئے) نامزد کرتا ہے جنہوں نے لبنان کے لئے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اور ایران کی پاسداران انقلاب کی ایک شاخ، قدس فورس کے لئے جن پر امریکی تعزیریں عائد ہیں، تیل کی تجارت کو آسان بنایا اور محصولات پیدا کئے۔ ایرانی تیل کے اسمگلروں کے خلاف امریکہ کا یہ تازہ ترین اقدام ایسے میں ہوا ہے جب ایران کے 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور اسلامی جمہوریہ اور مغرب کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں جب کہ ایرانیوں نے حکومت کے خلاف مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی معاون وزیرِ خزانہ برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس، برائن نیلسن نے ایک بیان میں کہا، کہ مارکیٹ کے شرکاء کو حزب اللہ اور IRGC-QF کی ان کوششوں سے چوکنا رہنا چاہیے جو وہ دنیا بھر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے تیل کی اسمگلنگ سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔
نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے رائٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔