کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اغوا کئے گئے کان کنوں کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔
بلوچستان کے علاقے مچھ سے نامعلوم شرپشندوں نے 6 کان کنوں کو اغوا کرلیا تھا، جنہیں تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ مچھ میں کوئلہ کانکنوں کے اغواء کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
عبدالخالق شیخ نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں مزدوروں اور عملے کی سیکیورٹی کو بہتر بنایا جائے گا کوئلہ کانوں کی حددو میں سیکیورٹی اہلکاروں کی نفری میں بھی مزید اضافہ کیا جائے گا۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں چالیس مقامات پر ایف سی کی جگہ پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس عوام کو بہتر طور سمجھتی ہیں اس لیے کوشش ہے کہ اے ایریا میں ایف سی جگہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔
دریں اثنا کوئٹہ میں نئے جناح ٹاون تھانے کا افتتاح کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا کہ پولیس اسٹیشنز کی نئی عمارتوں سے نہیں بلکہ پولیس کے مثبت رویوں سے تبدیلی آئے گی، بلوچستان کے قبائلی معاشرے کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ بلوچستان میں پولیسنگ کو مزید بہتر کررہے ہیں، اس سلسلے میں کمیونٹی پولیسنگ کا آغاز کردیا ہے، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت ہر بلوچ شہری کو عزت دی جائے گی۔