جامعہ کراچی خودکش حملہ کیس: عدالت نے کالعدم بی ایل اے کے 6 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملہ کیس میں مفرور 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، کیس میں خودکش حملہ آور شاری بلوچ کے شوہر ہیبتان بلوچ سمیت 6 ملزمان مفرور ہیں، دیگر مفرور ملزمان میں بشیر زیب، رحمان گل، خلیل عرف واجہ، ترجمان کالعدم بی ایل اے میر سفیر شامل ہیں، کیس میں ایک ملزم داد بخش گرفتار ہے۔

داد بخش کو چار جولائی 2022 کو مچھلی چوک ہاکس بے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کا شوہر اس کی کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی میں شمولیت اور ذہن سازی میں ملوث ہے جب کہ ملزم داد بخش ریکی کرکے معلومات خلیل، ڈاکٹر ہیبتان بلوچ اور بشیر زیب کو فراہم کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم داد بخش نے اپنے شریک ملزم ناصر کے ساتھ چائنیز نیشنلز کو نشانہ بنانے کے انکشافات کیے ہیں، بیشتر مفرور ملزمان افغانستان میں روپوش ہوکر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

عدالت نے 6 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں