10

جنوبی وزیرستان میں طالبان کی پولیو ورکز کو دھمکیاں، ورکرز کا ڈیوٹی دینے سے انکار

وانا (ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے پولیو ورکر کو تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے پولیو ورکر کو جاری تھریٹ الرٹ کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر وانا یاسر سلمان کنڈی نے ایمرجنسی بنیاد پر پولیو ورکرز کی میٹنگ طلب کر لی، میٹنگ میں ڈی ایچ او عنایت الرحمن، ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر صادق علی اور وانا سیاسی اتحاد کے رہنما آیاز وزیر، تاج محمد وزیر اور اسد اللہ وزیر نے شرکت کی۔

پولیو ورکرز سے اے اسی وانا یاسر سلیمان کنڈی اور ڈی ایچ او ساوتھ وزیرستان عنایت الرحمن نے مخاطب ہو کر التجا کی کہ پولیو مہم کو جاری رکھیں۔ انشاء الله ٹی ٹی پی کچھ نہیں کہے گی، اگر کچھ ہوا تو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ ضرور کوئی حل ڈھونڈ نکالیں گے۔

یاسر سلمان نے پولیو ورکرز کو یقین دہانی بھی کرائی کہ سکیورٹی بڑھا دی جائے گی لیکن تحریک طالبان پاکستان کے خوف سے پولیو مہم کو التوا کا شکار نہ کریں۔

دوسری جانب پولیو ورکرز نے ضلعی انتظامیہ کی اطمینان بخش یقین دہانی کے باوجود پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، پولیو ملازمین نے واضح کیا کہ تحریک طالبان کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں لہذا ہم یہ رسک مزید نہیں لے سکتے اور مہم سے معذرت کر لی۔

یاد رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے جنوبی وزیرستان بشمول خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز سمیت تمام سرکاری محکمہ جات پر حملوں کے احکامات جاری کیے ہیں، خاص کر پولیس فورس اور پولیو ورکرز ان کے نشانے پر ہیں۔

اس بابت تحریک طالبان نے وانا میں پولیو ورکرز کو بعض علاقوں میں گھر گھر پیغام بھیجے ہیں کہ اج سے پولیو مہم سے کنارہ کشی اختیار کریں ورنہ ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں