20

شہداءکرائسٹ چرچ کے سوگ میں آج ملک بھر میں تمام عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گردی کے وحشیانہ حملوں میں شہید افراد کے سوگ میں آج تمام قومی عمارات پر پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔

اس بات کا اعلان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری آج ترک وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں اس ماہ کی بائیس تاریخ کو استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مغربی ممالک میں بڑھتی ہوئی اسلام دشمنی کے اسباب اوراس کے دنیا بھر کے مسلمانوں پر اثرات کا تعین اور اس حوالے سے امت مسلمہ کے اتحادو یکجہتی کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی جنہوں نے بتایا کہ تمام نعشوں کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور انہیں ورثا کے حوالے کرنے کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں