شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک، 14 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹرز میرانشاہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں دو اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 7 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ کے بازار میں موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرحان خان کے مطابق میرانشاہ بازار میں ملک حاجی نور الدین شہید چوک میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے میں دو فوجی اور ایک عام شہری ہلاک اور سکیورٹی فورسز کے 7 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید زخمی اہلکاروں کو میران شاہ ہسپتال سے (سی ایم ایچ) بنوں منتقل کیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

رواں سال شمالی وزیرستان میں یہ ساتواں خودکش حملہ ہے۔

خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں ایک خودکش حملے میں پاک فوج کے ذیلی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی بائی پاس میں سیکورٹی فورسز کی کانوائے پر ایک خودکش حملہ کیا گیا تھا، اس حملے میں 21 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 8 اگست کو شمالی وزیرستان میں ایک خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 4 جولائی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقہ حدی میں شہید ایس پی طاہر خان داوڑ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے ٹرک کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور دیگر 15 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1543936238654492681?t=wEIsSLl-xiPxJFYsZKnesw&s=19

14 مئی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے عیدک کے قریب فوجی کانوائے پر خودکش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں اور 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

30 مئی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دوسلی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں دو سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1531181041519841281?t=qBNcGO4pGuwtjYCPxsUkjg&s=19

اپنا تبصرہ بھیجیں