اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif addressing a ceremony organised in view of Christmas Celebrations 2022 ( 22 December 2022) pic.twitter.com/u8VcfoMdPj
— Prime Minister's Office (@PakPMO) December 22, 2022
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تحریک پاکستان سے آج تک مسیحی برادری کی وطن عزیز کے لئے بیش بہا خدمات و قربانیاں ہیں، مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کاوشیں قابل قدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاع کے میدان میں بھی مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں، آئین پاکستان کےتحت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب کے لوگوں کی ایک ہی منشا امن ہے، تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں اگر کوئی واقعات ہوئے تو ان کا ہمیں بڑا افسوس ہے، میثاق مدینہ اسلام کی ایک روشن مثال ہے، اسلام میں کوئی زبردستی نہیں، نیشنل منیارٹی کمیشن کا ڈرافٹ بن چکا ہے، جلد ہی نیشنل منیارٹی کمیشن کو قانون کا عملی جامہ پہنائیں گے۔