پیانگ یانگ (ڈیلی اردو) شمالی کوریا نے نئے سال کا آغاز اپنے نئے میزائل تجربات سے کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال کے پہلے ہی دن شمالی کوریا نے اتوار (یکم جنوری) کو ایک کم فاصلے پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل سمندر میں داغا ہے۔
ہفتے کے روز شمالی کوریا نے تین مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔
جاپان کی وزارت دفاع نے کہا کہ پہلا بیلسٹک میزائل ہفتہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 8:00 بجے جبکہ دوسرا تقریباً 08:14 بجے اور تیسرا میزائل ایک منٹ کے بعد ہی فائر کیا گیا۔
تینوں میزائل دارالحکومت پیانگ یانگ کے مضافاتی علاقوں سے فائر کیے گئے اور 100 کلومیٹر (62 میل) کی بلندی پر پہنچے اور اندازے کے مطابق 350 کلومیٹر (217 میل) تک پرواز کی۔
وزارت اور خبر رساں اداروں کے مطابق میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر یعنی بحیرہ جاپان میں گرے۔ وزارت نے کہا کہ میزائلوں کے پرواز کے راستے کے آس پاس کے ہوائی جہازوں اور بحری جہازوں کو انتباہی معلومات فراہم کی گئیں لیکن “اس وقت” کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
اس سے ایک دن پیشتر (جمعے کو) جنوبی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والی خلائی راکٹ لانچ کرنے والی گاڑی کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے میزائل تجربات کی تصاویر جاری کی ہیں، اس کے ساتھ ہی سرکاری ٹی وی نے سپر لارج میزائل لانچرز کی فوج کے حوالے کیے جانے کی تقریب بھی نشر کی ہے۔
اس کے علاوہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ورکر پارٹی کی میٹنگ میں نئے بین البراعظمی میزائل اور ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔