لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر کے پیش نظر وفاقی حکومت کی ہدایت پر صوبہ پنجاب میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں پروف آف ریزیڈینس کارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 342 ہے جبکہ افغان سیٹیزن کارڈز رکھنے والے 88 ہزار 299 افراد پنجاب کے مختلف علاقوں میں آباد ہیں۔
حکام کے مطابق بغیر کسی شناختی دستاویز کے 50 ہزار سے زائد افغان لاہور سمیت صوبے بھر میں موجود ہیں۔
دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کے لیے حساس اضلاع میں میپنگ کرلی گئی۔ جس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ کارروائیاں عمل میں لائیں گے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے حساس اضلاع میں کومبنگ آپریشن کے دوران 12 افراد کو گرفتار کرلیا۔