کرم: پاراچنار میں مقامی صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ

پاراچنار (م ص) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹرز پاراچنار میں سینئر صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاراچنار کے نواحی علاقے احمد زئی ڈال میں سینئر صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا اور گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے لکڑیوں اور دیگر سامان کو آگ لگادی گئی۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1613072177372315648?t=DMTxdxPM1gGprNpUd0nWBw&s=19

پولیس کے مطابق کرم پریس کلب کے سینئر نائب صدر، سونو ایف ایم ریڈیو کے پروڈیوسر اور پبلک نیوز کے نمائندے محمد علی طوری کے گھر پر نامعلوم افراد نے گذشتہ رات دستی بم سے حملہ کیا جس سے محمد علی طوری کے کمرے سمیت گھر کے مختلف حصوں، دروازے کے شیشے اور گھر میں موجود گاڑی بھی متاثر ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نامعلوم افراد نے گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے گھر میں موجود خشک لکڑیوں اور دیگر سامان کو بھی آگ لگا دی۔

پولیس اور میڈیا سے بات چیت میں صحافی محمد علی طوری نے بتایا کہ وہ ریڈیو سٹیشن پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور ان کے کمرے میں والدہ اور بچی موجود تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔

محمد علی کے مطابق ان کی کسی سے بھی کوئی دشمنی نہیں ہے۔

دوسری جانب کرم پریس کلب پارا چنار کے صدر علی افضل افضال کرم یونین آف جرنلسٹس کے صدر عظمت علیزئی ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی چیئرمین قاضی فصل اللہ اور دیگر صحافی تنظیموں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری تحقیقات اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافی تنظیموں کے رہنماؤں نے واقعے کے خلاف احتجاج کی کال بھی دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں