میڈرڈ (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/رائٹرز/اے پی) ہسپانوی حکام کے مطابق ممکنہ طور پر یہ ‘دہشت گردی’ کا واقعہ ہے، جس میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی مسلم کمیونٹی نے گرجا گھروں کے اندر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
25 جنوری بدھ کی شام کو جنوبیاسپین میں دو گرجا گھروں پر ایک خنجر بردار شخص کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈرڈ میں وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق حملہ آور شخص سب سے پہلے الجیراس شہر کے ایک چرچ میں داخل ہوا اور پادری پر حملہ کر کے اسے شدید طور پر زخمی کر دیا۔
اس حملے کے بعد مبینہ حملہ آور دوسرے چرچ میں داخل ہوا اور وہاں گرجا گھر کی دیکھ بھال کرنے والے ایک شخص کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔ بعد میں پولیس مشتبہ شخص کو غیر مسلح کرنے میں کامیاب ہو گئی، اوراسے گرفتار کر لیا گیا۔
A church official was killed and a priest seriously wounded late Wednesday when a man wielding a machete stormed two churches in southern Spain, the government says.
Prosecutors have opened a terror probe into the attackhttps://t.co/CZeTYPdyyd pic.twitter.com/IFzqPHRmR8
— AFP News Agency (@AFP) January 26, 2023
وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے: ”آج شام مقامی وقت کے مطابق سات بجے کے بعد ایک شخص الجیراس کے سان اسیڈرو کے چرچ میں خنجر سے لیس ہو کر داخل ہوا، اس نے پادری پر حملہ کیا اور شدید طور پر زخمی کر دیا۔”
بیان کے مطابق، ”اس کے بعد وہ نیوسٹرا سینورا ڈی لا پالما کے چرچ میں داخل ہوا جس میں کافی نقصان پہنچانے کے بعد، اس نے چرچ کے متولی پر حملہ کردیا۔” اطلاعات کے مطابق متاثرہ شخص چرچ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا، تاہم اس پر دوبارہ حملہ ہوا جس سے اس کی جان چلی گئی۔
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ہی دیر بعد حملہ آور کو غیر مسلح کر دیا گیا اور، ”اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، جو فی الحال پولیس کی تحویل میں ہے، اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔”
حکام نے مشتبہ حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، تاہم تفتیش کار اس واقعے کو دہشت گردانہ حملے سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے ٹوئٹر پر لکھا: ”میں اس خوفناک حملے میں ہلاک ہونے والے ورجر (چرچ کی دیکھ بھال کرنے والا شخص) کے اہلخانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی بھی تمنا کرتا ہوں۔”
الجیراس میں مقامی مسلم کمیونٹی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ”وحشیانہ اور شیطانی حملہ” قرار دیا ہے۔
الجیراس ایک مصروف ترین بندرگاہی شہر ہے جو جزیرہ نما آئبیرین کو مراکش اور اسپین کے شمالی افریقی انکلیو سیوٹا سے ملاتا ہے۔