امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی اسرائیلی وزیراعظم سے اہم ملاقات

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز گزشتہ روز تل ابیب پہنچے، انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو اور موساد سربراہ ڈیوڈ بارنیا سے ملاقاتیں کیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے چیف فلسطینی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

ان کا دورہ اسرائیل پہلے سے طے شدہ تھا لیکن اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مغربی کنارے اور غزہ میں جاری شدید تناؤ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔

امریکی سیکیورٹی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فینزل اور سی آئی اے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان سیکیورٹی و انٹیلیجنس تعاون میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔

امریکی انٹیلیجنس چیف نے اپنے دورہ مشرق وسطیٰ میں پیر کے روز مصر کے صدر فتح السیسی سے بھی ملاقات کی تھی۔

امریکا کے سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے، وہ پیر کو اسرائیل جبکہ منگل کو مغربی کنارے جائیں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں