اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کردی گئی ہیں۔
پی ٹی اے کی طرف سے جاری بیان میں ٹیلی کام ریگیولیٹر نے کہا کہ قابل اطلاق قانون اور عدالتی حکم کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے وکی پیڈیا سے توہین آمیز مواد ہٹانے یا منسوخ کرنے کے لیے رابطہ کیاگیا تھا۔
Press Release: PTA has degraded Wikipedia services in the country on account of not blocking / removing sacrilegious contents. pic.twitter.com/h6ZWuf8TnR
— PTA (@PTAofficialpk) February 1, 2023
پی ٹی اے نے کہا کہ وکی پیڈیا کو سماعت کا موقع بھی دیا گیا تھا مگر اس نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹایا اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔
ریگیولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ پی ٹی اے کی ہدایات کی تعمیل میں پلیٹ فارم کی جانب سے جان بوجھ کر ناکامی کے پیش نظر توہین آمیز مواد ہٹانے کی ہدایات کے ساتھ ملک میں 48 گھنٹوں کے لیے وکی پیڈیا کی سروسز کو ڈی گریڈ کیا گیا ہے۔
ریگولیٹر نے خبردار کیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں وکی پیڈیا کو ملک میں بلاک کردیا جائے گا اور رپورٹ کردہ غیر قانونی اور توہین آمیز مواد ہٹانے کی شرط پر اس کی سروسز بحال کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کے خلاف توہین آمیز مواد پر نوٹس لیا ہو، دسمبر 2020 میں بھی گوگل اور وکی پیڈیا کو توہین آمیز مواد کے خلاف نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔