طرابلس (ڈیلی اردو) لیبیا سے یورپ جانے والی کشتی الٹنے سے 73 تارکین وطن لاپتہ ہوگئے جن کے متعلق قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت کا کہنا ہے کہ کشتی منگل کو الٹی تھی، لیبیا کے حکام نے دوبنے والے 11 افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔
یو این ایجنسی نے بیان میں کہا کہ کشتی میں 80 تارکین وطن تھے جو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے 80 کلومیٹر دور واقع گاؤں قصرالخیر سے یورپی ساحلوں کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
حادثے میں 7 تارکین وطن بچ کر واپس لیبیا کے ساحل پر آئے لیکن ان کی حالت انتہائی خراب ہے، انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حالیہ برسوں میں افریقا اور مشرق وسطیٰ سے یورپ ہجرت کرنے کے خواہش مند افراد کیلئے لیبیا ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔