واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران چند ہفتوں میں 90 فیصد تک یورینیم افزودہ کرسکتا ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق ایرانی حکام کی جانب سے یورینیم کو 60 فیصد سے زیادہ افزودہ کرنے کے لیے کی گئی تبدیلیوں کے انکشاف کے بعد امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز نے کہا ہے کہ ایران اب چند ہفتوں کے اندر 90 فیصد تک یورینیم افزودہ کرنے کے قابل ہے۔
انہوں نےکہا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی ترقی بھی زور و شور سے جاری ہے، تہران کے ان اقدامات نے بین الاقوامی خدشات کو بڑھادیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تہران نے ابھی تک اپنے جوہری پروگرام کو فوجی بنانے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں سی آئی اے ڈائریکٹر نے کہا کہ “ہمیں یقین نہیں ہے کہ ایرانی رہنما نے جوہری پروگرام کو فوجی مقاصد کے لیے دوبارہ تیار کرنا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔