لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی

لکی مروت (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سعید خیل میں ہونے والے بم دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1629856452113227777?t=sDmOdXM0XSBRNrXiep3vIw&s=19

پولیس حکام نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل وین پر حملہ کرنے کیلئے سڑک کنارے دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا جو اس وقت زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جب ایس ایچ او رزاق خان کی سربراہی میں سٹی تھانے کی ایک پارٹی شہری علاقے میں واقع قبرستان کے قریب گشت کے دوران سڑک پر سے گزر رہی تھی۔

حکام نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ او رزاق خان، ڈی ایف سی عبدالحمید اور کانسٹیبل رفیق خان اور امداد اللہ شامل ہیں اور انہیں گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعد ازاں ڈی ایف سی عبدالحمید کو تشویشناک حالت میں بنوں ریفر کر دیا گیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترحمان ٹی ٹی پی نے دعوی کیا ہے کہ ایس ایچ او رزاق خان حالیہ جعلی مقابلوں اور مجاہدین پر چھاپوں میں پیش پیش تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں