بھارت کے حساس ادارے کا افسر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

نئی دہلی (ڈیلی اردو/این این آئی) بھارت کے حساس ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے ایک سینئر افسر کو مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتارکر لیا گیا۔

بھارتی اخبار ہندو پوسٹ کے مطابق بابورام ڈے نامی یہ شخص ڈی آر ڈی او کی ریاست اوڑیسا کے ضلع باسل پور میں واقع ساحلی شہر چاندی پور میں واقع انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) پر بطور سینئر ٹیکنیکل آفیسر کام کرتا تھا، جسے ریاست اوڑیسا کی پولیس نے انٹیلی جنس اطلاع پر گرفتار کیا ہے۔

حالیہ دنوں ٹیسٹ رینج کی کچھ حساس تصاویر اور ویڈیوز لیک ہو کر منظرعام پر آئی تھیں۔ اس واقعے کی تحقیقات کی گئی تو انکشاف ہوا کہ یہ کام بابو رام ڈے کا ہے۔

آئی جی ایسٹرن رینج ہمانشو کمار لال نے بتایا کہ بابو رام ڈے کو پاکستان سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔بابو رام کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے ایک خاتون نے اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر راز حاصل کیے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں