ڈی آئی خان (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کلاچی کی پولیس چیک پوسٹ روہڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں روڑی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک پولیس اہلکار زخمی، فائرنگ کا تبادلہ جاری، پولیس کی بھاری نفری روانہ، حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کرلی۔#TTP #DIKhan #Pakistan
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) March 4, 2023
ترجمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ تھانہ کلاچی کی پولیس چیک پوسٹ روہڑی پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل احسان اللہ زخمی ہوگئے۔
مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی مدد سے بھرپور جواب دیا گیا، جس سے دہشت گرد بھاگ گئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 3 راکٹ لانچر فائر کیے، دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان 45 منٹ تک مقابلہ جاری رہا۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان ٹی ٹی پی محمد خراسانی نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔