15

زیارت لیویز فورس پر حملہ: کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نےحملے کی ذمہ داری قبول کرلی

زیارت (ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہل کار شہید ہو گئے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان محمد عمر خراسانی نے جاری اپنے ایک مبینہ بیان میں قبول کی ہے۔

ڈی سی زیارت قادر بخش پرکانی کے مطابق زیارت میں لیویز کی چیک پوسٹ پرنامعلوم ملزمان نے حملہ کر دیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 لیویز اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر زیارت نے یہ بھی بتایا ہے کہ واقعہ زیارت کے علاقے سنجاوی کی لعل کٹائی چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے، ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق لال کٹائی سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر آج صبح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 6 لیویز اہلکار شہید ہو گئے جن میں مہتاب الدین دفعدار، عبدالحکیم اللہ، فقیر محمد، محمد عثمان، عبدالشکور اور داد محمد سپاہی شامل ہیں۔

دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے

واقعے کے بعد شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کے گھیرے میں لے لیا ہے۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان محمد عمر خراسانی نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے ایک بیان میں قبول کی ہے۔

بیان میں دہشت گرد تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس علاقے میں کچھ عرصے پہلے ان کے ساتھیوں کو ہلاک کیا گیا تھا جس کا انہوں نے لیویز اہلکاروں کو قتل کرکے بدلہ لے لیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں