باکو (ڈیلی اردو/این این آئی) آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی باکو میں متعین ایران کے سفیر کوطلب کیا ہے اوران سے ایک ایرانی جنگی طیارے کی مبینہ طور پر آذربائیجان کی سرحد کے قریب پرواز اوراس کو عبور کرنے پر احتجاج کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی وزارت خارجہ اور دفاع کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فوجی طیارے نے آذربائیجان اور ایران کی سرحد پر واقع آذری اضلاع زنگیلان اور بلاسووار کے درمیان مقامی وقت کے مطابق 9:44 سے 10:26 بجے تک پرواز کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارہ وسط ایشائی ریاست کی سرحد سے تین سے پانچ کلومیٹر دور پروازکر رہا تھا، بعض مواقع پر اس نے سرحد بھی پار کی اور آذربائیجان کی فضائی حدود میں دراندازی کی ہے۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کے لیے ملک میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کیا ہے۔ اگرچہ ایران کے سرکاری میڈیا نے اس طلبی کی اطلاع دی ہے لیکن تہران نے ابھی تک اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کے آزاد شدہ علاقوں کے قریب آدھے گھنٹے سے زیادہ عرصے تک فوجی طیارے کی پرواز ملک کے خلاف اشتعال انگیزی اور غیر دوستانہ رویہ ہے۔ ہم اس طرح کے اشتعال انگیز اقدام پرایرانی فریق کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مناسب وضاحت پیش کریں اور مستقبل میں اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کریں۔ ان دونوں ممالک کے درمیان قریبا 700 کلومیٹر طویل سرحد ہے اور دونوں کے درمیان پیچیدہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔