راملہ (ڈیلی اردو) مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس میں دو یہودیوں کے قتل کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 16 سالہ فلسطینی نوجوان عمر کو شہید کر دیا، جس پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا، اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے مزید 2 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے تین فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمر نامی 16 سالہ نوجوان کو گرفتاری میں مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے شہید کیا گیا جب دیگر 2 فلسطینی نوجوان، عمر کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے میں شامل تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر نامی نوجوان نابلس میں یہودی ربی کو قتل کرنے والی ٹیم میں شامل تھا جو بارودی مواد کے ساتھ فرار ہوکر ایک گاؤں میں چھپ گیا تھا اور گرفتاری کے وقت اسرائیلی فوج کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں دو روز قبل ایک حملے میں دو اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے جن میں سے ایک یہودی ربی تھا، اسرائیلی فوج نے حملے کا ذمہ دار فلسطینی نوجوانوں کو قرار دیتے ہوئے رملہ کے ایک گاؤں میں چھاپا مار کارروائی کی تھی۔