نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈوئچے ویلے) بھارتی ریاست آسام کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک چھ سو اسلامی مدارس بند کر دیے ہیں اور باقی ماندہ مدارس کو بھی بند کرنے کا منصوبہ ہے۔ 30 فیصد سے زیادہ مسلم آبادی والی اس ریاست میں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت ہے۔
Karnataka | People from Bangladesh come to Assam & create a threat to our civilization & culture. I have closed 600 madrassas & I intend to close all madrassas because we do not want madrassas. We want schools, colleges & universities: Assam CM Himanta Biswa Sarma, in Belagavi pic.twitter.com/aIqASZD2a0
— ANI (@ANI) March 16, 2023
بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک اپنی ریاست کے 600 مدارس کو بند کر دیا ہے اور وہ باقی ماندہ تمام مدارس کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ریاست کرناٹک میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔
#WATCH | Karnataka: There are many people in our country who proudly say they are Muslim, Christian and I have no problem with that but we need a person who can proudly say that I am a Hindu. India needs such a person today: Assam CM Himanta Biswa Sarma in Belagavi pic.twitter.com/IJnCWbdqTP
— ANI (@ANI) March 16, 2023
ریاست آسام میں سخت گیر ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت ہے، جہاں تقریبا 33 فیصد مسلمانوں کی بھی آبادی ہے اور ریاست کے وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرمامسلم مخالف پالیسیوں کے لیے معروف ہیں۔
وزیر اعلی نے سن 2020 میں ایک متنازعہ قانون متعارف کروایا تھا، جس کے تحت تمام سرکاری مدارس کو باقاعدہ اسکولوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، جس میں صرف حکومتی نصاب پڑھانے کی اجازت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ”بنگلہ دیش سے لوگ آسام آتے ہیں اور ہماری تہذیب و ثقافت کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ میں نے 600 مدارس بند کر دیے ہیں اور میں تمام مدرسوں کو بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں، کیونکہ ہمیں مدارس نہیں چاہیے۔ ہمیں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں چاہیں۔”
ماضی میں بھی ہمانتا بسوا سرما اکثر مدارس کو کم کرنے یا ان اداروں میں دی جانے والی تعلیم کی جانچ پڑتال کرنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے ہیں۔ ریاست میں فی الوقت 3000 رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مدارس ہیں۔
گزشتہ برس پولیس نے بنگلہ دیش کے القاعدہ گروپ سے تعلق رکھنے والے پانچ ”جہادی” ماڈیولز کا پردہ فاش کرنے کا دعوی کیا تھا اور تب وزیر اعلی نے کہا تھا کہ آسام ”جہادی سرگرمیوں ” کا گڑھ بن گیا ہے۔
وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ ریاستی پولیس ”ان بنگالی مسلمانوں کے ساتھ کام کر رہی ہے، جو تعلیم کے تئیں مثبت رویہ رکھتے ہیں ” تاکہ مدارس میں ”اچھا ماحول” پیدا کیا جا سکے۔
گزشتہ برس بی جے پی کی حکومت نے ریاست کی مساجد کے آئمہ اور مدارس کے اساتذہ سے متعلق ایک نیا حکم نامہ جاری کیا تھا، جس کے تحت ایسے تمام افراد کو، جن کا تعلق آسام سے نہ ہو، ریاستی حکومت کی ویب سائٹ پر خود کو لازماً رجسٹر کرانا ہو گا۔
گزشتہ برس جون میں ہیمنتا بسوا سرما نے کہا تھا کہ اقلیتی فرقے (مسلمانوں) کو اپنی غربت اور دھرتی پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کی خاطر فیملی پلاننگ کے مناسب طریقے اختیار کرنا چاہییں۔
بی جے پی بالخصوص آسام میں مبینہ طور پر غیر قانونی بنگلہ دیشی مسلمان تارکین وطن کے مسئلے کو ایک بڑے سیاسی، سماجی، اقتصادی اور سکیورٹی مسئلے کے طور پر پیش کرتی رہی ہے، جس کی وجہ سے مسلمانوں کو اکثر تشدد کا نشانہ بھی بننا پڑتا ہے۔
مسلم سماجی اور سیاسی تنظیمیں ریاستی وزیر اعلیٰ کے مسلمانوں کے حوالے سے متنازعہ بیانات پر نکتہ چینی کرتی رہی ہیں۔ ان کے مطابق مساجد اور مدارس سے متعلق نئے ضوابط سے آسانیاں پیدا ہونے کے بجائے ریاست کے مسلمانوں کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔