کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک ہندو ڈاکٹر کو ہلاک کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج گڈلک شادی ہال کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے سفید رنگ کی آلٹو وی ایکس آر کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
#BREAKING | #Hindu doctor targeted in #Pakistan
A Hindu doctor, Dr Birbal Genani, FMR Director Health of the Karachi Metropolitan Corporation has been killed & a lady doctor sustained injuries in a gun attack by unidentified assailants in Garden Lyari Expressway area, #Karachi pic.twitter.com/0OqB7d7DdJ
— Subodh Kumar (@kumarsubodh_) March 30, 2023
واقعہ کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور فوری طور پر پولیس اور امدادی رضا کاروں کو آگاہ کیا گیا، فائرنگ سے کار میں سوار 60 سالہ ہندو ڈاکٹر بیربل ہلاک جبکہ ان کے ہمراہ کار میں موجود لیڈی ڈاکٹر 32 سالہ قرۃالعین زخمی ہوگئیں۔
ڈاکٹر بیربل ماہر امراض چشم تھے
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش اور زخمی لیڈی ڈاکٹر کو ایدھی کے رضا کاروں نے جناح ہسپتال پہنچایا، مقتول ڈاکٹر بیربل ماہر امراض چشم تھے اور وہ لیمارکیٹ میں قائم مشہور آنکھوں کے مشہور اسپینسر آئی ہسپتال کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول کے ایم سی کے سابق ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز بھی رہے چکے ہیں، موقع پر موجود ایس پی جمشید کوارٹر زبیر تنولی نے بتایا کہ مقتول ڈاکٹر بیربل گینانی رامسوامی میں اپنا پرائیوٹ کلینک چلا رہے تھے اور وہ اپنی رہائش گاہ گلشن اقبال جانے کے لیے لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کو استعمال کرتے تھے اور گزشتہ روز بھی افطار کے بعد اپنا کلینک بند کر کے گھر جانے کے لیے نکلے اور گارڈن چوک سے لیاری ایکسپریس وے کی جانب جا رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انھیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
مقتول کے سر پر لگنے والی گولیاں جان لیوا ثابت ہوئیں، پولیس
پولیس کے مطابق 2 گولیاں مقتول کے سر پر لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں جبکہ وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا لیکن شبہ ہے کہ ڈاکٹر بیربل کو ریکی کے بعد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
زخمی لیڈی ڈاکٹر کا بیان
ڈاکٹر بیریل کے ہمراہ کار میں سوار زخمی لیڈی ڈاکٹر قرۃالعین نے ابتدائی تفتیش کے دوران بیان دیا ہے کہ وہ گزشتہ 10 برس سے ڈاکٹر بیربل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم رنچھوڑ لائن رامسوامی کی جانب سے پاک کالونی کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک میری آنکھوں کے سامنے سے چنگاریاں گزریں اس دوران مجھے گولی لگی جبکہ ڈاکٹر بیریل کو دیکھا تو ان کے سر سے خون نکل رہا تھا۔
لیڈی ڈاکٹر نے بتایا کہ اس دوران میں گاڑی کا اپنی جانب کا دروازہ کھول کر شور مچایا جس کے بعد لوگ وہاں جمع ہوگئے، مقتول ڈاکٹر بیربل کی بیٹی سپنا نے ہسپتال میں صحافیوں کو بتایا کہ میرے بابا بہت نیک اور شریف آدمی تھے اور میں اس وقت شدید قرب میں مبتلا ہوں اور چاہتی ہوں سب میرے والد کی مغفرت کی دعا کریں۔