تل ابیب + دمشق (ڈیلی اردو/اے پی پی) شام کے دارالحکومت دمشق اور جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 شہری ہلاک ہو گئے، شامی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد میزائل مار گرائے، یہ اسرائیلی فوج کا ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں چوتھا فضائی حملہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے شامی فوج کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے منگل کو مقبوضہ شام کے علاقے گولان سے دارالحکومت دمشق اور جنوبی علاقے کے قرب و جوار میں میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 شہری ہلاک ہو گئے، اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے زیادہ تر میزائل مار گرائے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے ایک انتہا پسند اسرائیلی مہم جو کو حراست میں لے لیا جس نے الحرم الشریف میں یہودیوں کے تہوار عید فصح کے لیے قربانی دینے کا منصوبہ بنایا تھا اور یہودی برادری میں اس کیلئے مہم چلائی تھی- یہ وہ مقام ہے جس میں مسجد اقصی اور قبہ الصخرا واقع ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقام جسے یہودی ٹیمپل مائونٹ کہتے ہیں، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان وجہ تنازعہ ہے۔