واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے) امریکہ کی ریاست نیو جرزی کی ایک مسجد کے امام قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جب کہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
A 32-year-old man has been arrested in the stabbing of an imam at a mosque in New Jersey, according to a news release. https://t.co/53lkWSbWvt
— CNN (@CNN) April 10, 2023
ریاست نیو جرزی کے شہر ساؤتھ پیٹرسن کی مشہور عمر بن خطاب مسجد میں اتوار کو چاقو بردار شخص نے امام مسجد پر حملہ کر دیا اور متعدد وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔
نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کے مطابق مسجد کے ترجمان عبدالحمدان کے مطابق امام مسجد سید النقیب پر حملے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ نمازِ فجر پڑھا رہے تھے اور وہ جیسے ہی سجدے میں گئے تو حملہ آور نے ان کی پیٹھ پر چاقو کے کئی وار کیے۔
ترجمان کے مطابق حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے نمازیوں نے ناکام بناتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جس وقت امام مسجد کو نشانہ بنایا گیا اس وقت لگ بھگ 200 افراد مسجد میں موجود تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم فوری طور پر حملے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔
واقعے کے بعد میئر آندرے سیوف نے جوزیف یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں زیرِ علاج امام مسجد کی عیادت کی اور بتایا کہ سید النقیب کی حالت تسلی بخش ہے۔
انہوں نے حملہ آور کو پکڑنے کے لیے نمازیوں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ مسجد آنے والوں کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
بعدازاں ایک پریس کانفرنس کے دوران میئر نے تمام مساجد کے باہر پولیس کی نفری تعینات کرنے کا اعلان کیا۔