دہشت گرد ہمارے فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سنجاوی میں لیویز پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی میں چھ لیویز اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، وزیراعلیٰ نے شہید لیویز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست کرنے میں کسی طور کامیاب نہیں ہوں گے اور ان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو شدت پسندی کی صورت میں جس چیلنج کا سامنا ہے قوم کی تائیدوحمایت کے ساتھ اس چیلنج سے بھرپور طریقے سے نمٹا جائے گااور کسی کو معاشرے میں انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے واقعہ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں